پاکستان کی سیاسی فضا میں ایک اہم تبدیلی اس وقت سامنے آئی جب پی ٹی آئی کے اہم رہنما چوہدری اختر میو نے پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑ کر پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لی۔
چوہدری اختر میو کا تعلق حلقہ پی پی154کے گاؤں لیلہ پور سے ہے اور وہ مقامی سطح پر ایک بااثر سیاسی شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں،ان کی شمولیت کی باقاعدہ تقریب سردار ایاز صادق کی زیر صدارت منعقد ہوئی، جہاں اسپیکر قومی اسمبلی نے خود ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
تقریب میں بڑی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کی اور سردار ایاز صادق کی آمد پر والہانہ خیرمقدم کیا، شرکاء نے موجودہ قیادت کی کارکردگی اور ترقیاتی اقدامات کو بھی سراہا،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چوہدری اختر میو نے میاں نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز اور سردار ایاز صادق کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ انہوں نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز پاکستان تحریک انصاف سے کیا، تاہم موجودہ حالات میں انہیں پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت میں عوامی خدمت کے بہتر مواقع دکھائی دے رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ وہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
تقریب میں دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں جن میں غلام حبیب اعوان، آصف امین نمبردار، آزاد گجر، حاجی سجاد اور عابد حسین شامل تھے،ان رہنماؤں نے چوہدری اختر میو کی شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ اس سے جماعت مزید مضبوط ہوگی۔
چوہدری اختر میو کی جماعتی تبدیلی کو ایک اہم سیاسی موڑ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، اس فیصلے سے نہ صرف ان کی ذاتی سیاسی حیثیت پر اثر پڑے گا بلکہ متعلقہ حلقے میں بھی نئی سیاسی صف بندی کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔