پاکستان نے آئی ٹی اور آؤٹ سورسنگ کے میدان میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان گلوبل آوٹ سورسینگ میں 16ویں نمبر پر آ گیا ہےجس کے بعد ملک دنیا کے ٹاپ 9 فیصد ممالک میں شامل ہو گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی ٹیکنالوجی انڈسٹری ہر سال تقریباً 20 فیصد کی رفتار سے ترقی کر رہی ہے۔آئی ٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کو مزید بہتر بنایا جائے تو پاکستان کی رینکنگ میں مزید بہتری آ سکتی ہے اور یہ 16ویں سے 11ویں نمبر تک جا سکتا ہے۔
وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام شیزافاطمہ خواجہ نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کو عالمی ٹیکنالوجی اور آؤٹ سورسنگ حب بنانے کے لیے سرگرم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی بہتر بنانے کے لیے تین نئی سب میرین کیبلز بچھائی جا رہی ہیں جس سے ملک کے ڈیجیٹل نظام میں واضح بہتری آئے گی۔
وزیر آئی ٹی کے مطابق حکومت نے 10 لاکھ نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی جدید مہارتوں کی تربیت دینے کا ہدف رکھا ہے تاکہ پاکستانی ٹیلنٹ کو عالمی مارکیٹ کے مطابق تیار کیا جا سکے۔