وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور و سابق وفاقی وزیر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ ہماری معاشی ٹیم نے شہباز شر یف کی سربراہی میں بڑی محنت کی ہے، آنے والے بجٹ عام آدمی کیلئے خوشخبری ہو گی۔
مسلم لیگ (ن) کے وفاقی وزراء پر مشتمل وفد گورنر ہاؤس کراچی پہنچا، جہاں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد لیگی وفد اور متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں نے میڈیا سے بات چیت کی ۔
اس موقع پر رانا ثناء اللّٰہ نےکہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور ایم کیو ایم کے دوستوں سے ملاقات ہوئی ہے، ہم نے تاجروں سے بھی ملاقات کی ہے، ہماری کوشش ہے کہ آمدہ بجٹ میں عوام کو خوشخبری دیں، حکومت کی انتھک کوششوں سے ملک کی معیشت بہتر ہوئی ہے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ وفاقی وزراء اور متحدہ کا مشکور ہوں، تمام فورسز کے سربراہوں، وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اور میاں محمد نواز شریف کو خر اج تحسین پیش کرتے ہیں۔ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ گورنر صاحب اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
رہنما ایم کیو ایم ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا کہ ہم نے اس چیر پر زور دیا کہ عام لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔ جس پر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ آنے والے بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف فرا ہم کریں گے، پاکستان معاشی بحران سے باہر نکل آیا ہے۔
فاروق ستار نے بھی تائید کرتے ہوئے کہا کہ معاشی حالات بہتر ہوئے ہیں۔ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ مشکل دور میں ساتھ دینے پر عوام کو خرا ج تحسین پیش کرتا ہوں ، آئندہ بجٹ ملک کیلئے بہتر ہو گا، بجٹ سے متعلق سب سے مشاورت جاری ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ ہمیں ڈائریکٹ ٹیکس کے معاملے کو بھی وسیع کرنا ہو گا، انہوں نے مزید کہا کہ کراچی اور حیدر آباد سے متعلق ترقیاتی کاموں پر بھی توجہ دینےکی ضرورت ہے، انشاء اللّٰہ 2026 کےدسمبر تک کے فور منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا ، کراچی میں سب سے بڑا مسئلہ پانی کی نکاسی اور سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کا ہے اسے بھی فوری طور پر حل کیا جائے گا۔