وزیر اعظم سیکرٹریٹ کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کل کراچی کا دورہ کریں گے جہاں وہ پاک بحریہ کے آپریشن بنیان مرسو ص میں اہم کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کریں گے۔
اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہبازشریف نیول افسران اور جوانوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف آمد پر ان کا استقبال کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آپریشن کے دوران بھارتی بحریہ کے دشمنانہ اقدامات کو ناکام بنانے پر پاک بحریہ کی تعریف کریں گے۔
توقع ہے کہ وہ دستے سے خطاب کریں گے اور ان کی کارکردگی پر قوم کے فخر کا اظہار کریں گے۔دورے کے موقع پر وزیراعظم گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ اس دورے کو مسلح افواج کیلئے تعریف اور حوصلے بڑھانے کے اشارے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔