انگلش پریمیئر لیگ میں 22 برس کے طویل انتظار کے بعد ٹائٹل جیتنے والے مشہور فٹبال کلب آرسنل ایف سی کی کامیابی کے پیچھے صرف کھلاڑیوں کی انتھک محنت ہی شامل نہیں بلکہ ایک پاکستانی نام بھی عالمی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
پاکستانی کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں ، فٹبال کے میدان میں اس وقت جو نام توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے وہ پاکستانی ڈاکٹر ظفر اقبال کا ہے جو آرسنل کلب کے ساتھ وابستہ ہیں، وہ پاکستان کے شہر گوجرہ میں پیدا ہوئے، جبکہ ان کے خاندان کا آبائی تعلق ساہیوال سے ہے۔
ڈاکٹر ظفر اقبال نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے عالمی فٹبال میں نمایاں مقام حاصل کیا ، اسپورٹس میڈیسن کے شعبے میں مہارت رکھنے والے ڈاکٹر ظفر نے 2024 میں Arsenal F.C. کو جوائن کیا ، جہاں وہ کھلاڑیوں کی فٹنس اور بحالی کے عمل میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
آرسنل ایف سی میں شمولیت سے قبل ڈاکٹر ظفر اقبال انگلش فٹبال کے معروف کلبوں ٹوٹہنم ، کرسٹل پیلس اورلیورپول سے بھی وابستہ رہے، جہاں ان کی خدمات کو کافی پذیرائی ملی۔
اس کے علاوہ دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان کے متعدد کرکٹرز بھی فٹنس مسائل اور انجری سے بحالی کے مراحل میں رہنمائی کے لیے ڈاکٹر ظفر اقبال سے رابطہ کرتے ہیں۔
عالمی سطح پر Arsenal F.C. کی کامیابی کے ساتھ ایک پاکستانی نام کا نمایاں ہونا نہ صرف پاکستانیوں کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ یہ نوجوانوں کے لیے بھی ایک متاثرکن مثال بن گیا ہے۔
واضح رہے کہ لدن کے معروف ”آرسینل فٹ بال کلب“ نے 22 سال بعد انگلش پریمیئر لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ۔
آرسینل کی یہ کامیابی سال 04-2003 کے اس یادگار سیزن کے بعد پہلی بڑی کامیابی ہے جب آرسین وینگر کی قیادت میں ٹیم نے بغیر کوئی میچ ہارے لیگ جیتی تھی ، مکیل آرٹیٹا اب آرسینل کی تاریخ کے سب سے کم عمر مینیجر بن گئے ہیں جنہوں نے محض 44 سال کی عمر میں یہ بڑا اعزاز حاصل کیا ہے۔