راولپنڈی۔ سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جن کا تعلق بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے خارجی گروہوں سے تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلیجنس اطلاعات پر کاروائی کی ۔ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیے گئےاس آپریشن میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز کی جانب سے دوسری کارروائی ٹانک میں کی گئی، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 2 مزید دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ دونوں کارروائیوں میں ہلاک دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق تیسری کارروائی ضلع خیبر کے علاقے باغ میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ان کا تعلق بھی بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد گروہوں سے تھا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ دہشت گرد ملک میں مختلف تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ فورسز نے علاقوں میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی اور قوم کے تحفظ کیلئے پرعزم ہیں۔