لاہور: بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) اور پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (PAEC) جوہری سائنس اور ٹیکنالوجی کے پرامن اطلاق، خاص طور پر کینسر کی تشخیص اور علاج میں اپنا تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس تناظر میں، IAEA اور PAEC کی جانب سے 26 سے 30 مئی 2025 تک کلینکل ایپلیکیشن آف تھیرانوسٹک پر علاقائی تربیتی کورس (RTC) کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
کورس کی افتتاحی تقریب پیر کو منعقد ہوئی۔ جس میں دس ممالک کے شرکاء بشمول بنگلہ دیش، چین، انڈونیشیا، ملائیشیا، منگولیا، نیپال، فلپائن، تھائی لینڈ، ویتنام اور پاکستان – تجربات اور علم کا تبادلہ کرنے کے لیے RTC میں شرکت کر رہے ہیں۔ جبکہ برازیل، آسٹریلیا، جرمنی اور جنوبی افریقہ کے نیوکلیئر میڈیسن کے ماہرین کورس کے شرکاء کو تربیت فراہم کریں گے۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ممبر سائنس ڈاکٹر مسعود اقبال نے بحیثیت مہمان خصوصی افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تربیت مریضوں کے لیے کینسر سے جڑے مصائب کو کم کرنے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ PAEC ملک بھر میں کینسر کے 20 ہسپتال چلاتا ہے، جو ملک کے تقریباً 80 فیصد کینسر کے مریضوں کی خدمت کرتے ہوئے جدید ترین تشخیصی اور علاج کی سہولیات فراہم کرتے ہیں۔
ڈاکٹر مسعود نے مزید کہا کہ اٹامک انرجی کینسر ہسپتال (AECH) انمول (INMOL) کینسر کی دیکھ بھال میں تھیرانوسٹکس کی سہولیات متعارف کرانے والا پہلا سنٹر تھا، اور اس سہولت کو پاکستان کے پانچ دیگر PAEC ہسپتالوں تک بڑھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جدید تشخیصی اور علاج کی ٹیکنالوجیز، جیسے PET-CT، Linear Accelerators، اور CyberKnife، پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے کئی سرکردہ ہسپتالوں میں دستیاب ہیں۔ انہوں نے اس علاقائی تربیتی کورس کی میزبانی کا موقع دینے پر IAEA کا شکریہ ادا کیا۔
پاکستان میں صحت کے شعبے، بالخصوص کینسر کے حوالے سے PAEC کے کردار کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ PAEC PINSTECH، اسلام آباد میں ریڈیوآئسوٹوپس تیار کر رہا ہے جو کینسر کی تشخیص اور علاج کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔
انہوں نے پاکستان آنے پر بین الاقوامی شرکاء کا شکریہ بھی ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ حاصل کردہ علم کو ان کے متعلقہ ممالک میں شیئر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شرکاء کو پاکستان کے خیر سگالی کے سفیر قرار دیا
کورس کی شریک ڈائریکٹر ڈاکٹر آرزو فاطمہ سلیم نے آر ٹی سی کے مقاصد کا تعارف کرایا۔ کورس ڈائریکٹر، ڈاکٹر عرفان اللہ خان نے پروجیکٹ RAS 6105 کی تفصیلات پیش کیں انہوں نے بتایا کہ اس پروجیکٹ کے تحت چار آر ٹی سیز میں سے دوسری کا آغاز ہوگیا ہے۔
ڈاکٹر عامرہ شامی، ڈائریکٹر INMOL نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور IAEA کی جانب سے منعقدہ تربیتی کورس کی میزبانی پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے علاقائی تعاون کو فروغ دینے میں IAEA کے قابل قدر کردار کی تعریف کی، خاص طور پر اس کے تکنیکی تعاون پروگرام کی، جو INMOL کی ترقی میں بہت زیادہ مددگار ثابت ہوئ۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ INMOL نے Theranostics کے کلینیکل اطلاق میں ایک مثالی کردار ادا کیا ہے۔ حالیہ RTC کے دوران Gallium-68 (Ga-68)، Lutetium-177 (Lu-177)، اور Actinium-225 (Ac-225) ریڈیوٹریسر کے استعمال پر توجہ مرکوز رہے گی۔