سوشل میڈیا پر ایک منفرد پودے کی تصاویر وائرل ہو رہی ہیں جنہیں دیکھ کر بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کسی ہاتھ نے ایک خوبصورت پھول تھام رکھا ہو، لیکن حقیقت اس سے کہیں زیادہ دلچسپ ہے۔
یہ دراصل ایک نایاب صحرائی رسیلا پودا ہے جسےآرگیروڈرما فِسَم کہا جاتا ہے۔ یہ پودا جنوبی افریقہ کے خشک اور سخت صحرائی علاقوں میں پایا جاتا ہے، جہاں پانی کی شدید کمی کے باوجود زندہ رہنے کی غیرمعمولی صلاحیت رکھتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس پودے کے موٹے اور انگلیوں کی شکل کے پتے پانی ذخیرہ کرتے ہیں، جس کی بدولت یہ طویل عرصے تک بارش کے بغیر بھی اپنی بقا برقرار رکھ سکتا ہے۔ اس کی منفرد ساخت اسے صحرائی ماحول میں نمی محفوظ رکھنے اور شدید گرمی کا مقابلہ کرنے میں مدد دیتی ہے۔
قدرتی عجائبات میں شمار ہونے والا یہ پودا نہ صرف اپنی دلکش شکل کی وجہ سے توجہ حاصل کرتا ہے بلکہ ماحولیاتی حالات سے مطابقت پیدا کرنے کی حیران کن مثال بھی پیش کرتا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین اس پودے کی تصاویر دیکھ کر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں اور اسے قدرت کے انوکھے شاہکاروں میں سے ایک قرار دے رہے ہیں۔