پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان بھی بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے حق میں سامنے آگئیں اور ہسپتال کے باہر پیش آنے والے واقعے پر پاپارازی کے رویے کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب سلمان خان ممبئی کے ایک اسپتال سے کسی کی عیادت کے بعد باہر نکلے۔ اس دوران فوٹوگرافرز نے ان کا پیچھا شروع کیا اور مسلسل ان کی آنے والی فلم کا نام پکارتے رہے۔ ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سلمان خان اس رویے پر ناراض ہو گئے اور انہوں نے ہاتھ کے اشاروں سے پاپارازیوں کو رکنے کا کہا۔ ان کا مؤقف تھا کہ ہسپتال جیسے حساس مقام پر اس طرح کی کوریج غیر مناسب ہے۔
اس واقعے پر ماہرہ خان نے انسٹاگرام اسٹوری میں ردعمل دیتے ہوئے مختصر انداز میں “یار سللو” لکھا، جسے سوشل میڈیا پر کافی توجہ ملی۔بعد ازاں سلمان خان نے بھی اس معاملے پر اپنا مؤقف دیتے ہوئے میڈیا اور پاپارازی سے نجی زندگی کے احترام کی اپیل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر لمحے کو خبر بنا دینا درست نہیں، انسان کو بعض اوقات اپنی زندگی میں سکون کی ضرورت ہوتی ہے۔
گزشتہ دنوں سلمان خان کی ایک تنہا تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد ان کی ذہنی کیفیت سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں کی گئیں، تاہم اداکار نے واضح کیا تھا کہ وہ کبھی خود کو تنہا محسوس نہیں کرتے اور ان کے پاس خاندان، دوستوں اور مداحوں کی بھرپور محبت موجود ہے۔