کوہاٹ میں ملک اسد قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات اور سابق صوبائی وزیر امجد خان آفریدی کو ان کے ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق قتل کی منصوبہ بندی امجد آفریدی کے گھر میں ہوئی تھی۔
امجد آفریدی، سابق وفاقی وزیر عباس آفریدی کے بھائی اور سینیٹر شمیم آفریدی کے بیٹے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں حسین آفریدی، ہاشم عرف شینو، گل زیب، نعمت، عامر اور یاسر شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق قتل میں ملوث ایک اہم ملزم عامر کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا، جس نے تفتیش کے دوران دیگر ملزمان کے نام ظاہر کیے۔ مزید انکشافات میں بتایا گیا کہ ملزمان نے ملک اسد کے گھر پر حملے اور قتل کی منصوبہ بندی کی، جبکہ امجد آفریدی اور ان کے بھانجے حسین آفریدی نے دیگر ملزمان کو پناہ دی اور فرار کرانے میں مدد فراہم کی۔
پولیس کے مطابق تمام ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔ عدالت نے امجد آفریدی کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ جبکہ دیگر گرفتار ملزمان کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔