اسلام آباد میں میٹرو اور الیکٹرک بسوں کے کرایوں میں اضافے پر عوامی ردعمل کے بعد سی ڈی اے نے پرانا کرایہ بحال کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کرایوں میں کیا گیا اضافہ فوری طور پر واپس لے لیا گیا ہے، اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق نوٹیفکیشن کا اطلاق تمام بس سروسز، بشمول اورنج لائن، گرین لائن میٹرو بس اور الیکٹرک فیڈر روٹس پر فوری طور پر ہو گا۔
خیال رہے کہ شہریوں نے کرایوں میں اضافے پر شدید احتجاج کیا تھا جس کے بعد حکومت کو فیصلہ واپس لینا پڑا۔
اس سے قبل 24 مئی کو بھی سی ڈی اے حکام نے کرایوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا تاہم بعد میں عوامی دباؤ پر سی ڈی اے نے کرایہ بڑھانے کا فیصلہ واپس لے لیا تھا ۔
چیئرمین سی ڈی اےاور چیف کمشنر، اسلام آباد محمدعلی رندھاوا کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے کی 160 الیکٹرک ایئر کنڈیشنڈ بسوں میں روزانہ تقریبا 85 ہزارمسافر سفر کرتے ہیں جو ان کا سی ڈی اے کی سہولیات پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔