پشاور: خیبرپختونخوا بھر میں عیدالاضحیٰ کے تین روزہ تعطیلات کے دوران مختلف حادثات اور فائرنگ کے واقعات میں مجموعی طور پر 55 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 50 افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا شاہ فہد کے مطابق عیدالاضحیٰ کے تین دنوں میں ریسکیو 1122 نے صوبے بھر میں مختلف نوعیت کی 1999 ایمرجنسیز پر فوری خدمات فراہم کیں، جن میں 1897 افراد کو طبی امداد دی گئی۔ ان میں 1400 میڈیکل ایمرجنسیز شامل تھیں جن میں مریضوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق عید کے دنوں میں صوبے بھر میں 349 ٹریفک حادثات پیش آئے، جن میں سب سے زیادہ 43 حادثات پشاور میں رپورٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ مختلف نوعیت کے 112 آگ لگنے کے واقعات بھی ریکارڈ کیے گئے۔ دریاؤں اور ڈیمز میں ڈوبنے کے 6 افسوسناک واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ 82 مختلف ریکوری آپریشنز اور 50 جرائم سے متعلق ایمرجنسیز میں بھی ریسکیو 1122 نے خدمات فراہم کیں۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق عیدالاضحیٰ کی تین تعطیلات کے دوران مختلف واقعات میں جاں بحق ہونے والے 55 افراد میں سے پشاور میں 13، مردان میں 14، ڈی آئی خان، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر اور بٹ گرام میں دو، دو، نوشہرہ، باجوڑ اور کرم میں تین، تین، ہری پور میں چار جبکہ نارتھ وزیرستان، کوہاٹ اور خیبر میں ایک، ایک شخص شامل ہے۔
ڈی جی ریسکیو 1122 کے مطابق صرف پشاور میں عید کے دوران 418 ایمرجنسیز رپورٹ ہوئیں، جن میں 43 روڈ ایکسیڈنٹس، 338 میڈیکل کیسز، 20 آگ لگنے کے واقعات، 8 فائرنگ سے متعلق اور 11 دیگر نوعیت کی ریکوری ایمرجنسیز شامل تھیں۔ ان واقعات میں مجموعی طور پر 431 مریضوں کو اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔