سائنس دانوں نے گاڑیوں کے لیے ایک ایسی نئی کوٹنگ تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو اب تک کی سب سے زیادہ سیاہ رنگت رکھنے والی کوٹنگز میں شامل ہے۔
ماہرین کے مطابق کوئی بھی چیز اس وقت سیاہ نظر آتی ہے جب وہ نظر آنے والی روشنی کی زیادہ تر شعاعوں کو جذب کر لے۔ یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، سانتا باربرا کے مطابق کسی شے کی سیاہی کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ وہ کتنی روشنی جذب کرتی ہے۔
سائنسی جریدے سیل پریس میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق نئی کوٹنگ کو خاص انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے، جس کی مدد سے یہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ طول موج والی روشنی کو بھی جذب کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
میڈیارپورٹ کے مطابق روایتی سیاہ کوٹنگز میں عموماً کاربن بلیک استعمال کیا جاتا تھا، جس کی وجہ سے روشنی جذب کرنے کی صلاحیت ایک حد تک محدود رہتی تھی۔ تاہم نئی ٹیکنالوجی میں ’’اسٹرکچرل ابزارپشن‘‘ کا طریقہ استعمال کیا گیا ہے، جو روشنی کو جذب کرنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرتا ہے۔
سائنس دانوں کے مطابق یہ جدید مواد نظر آنے والی روشنی کی تقریباً 99.9 فیصد شعاعیں جذب کر سکتا ہے، جس کے باعث اسے دنیا کی سیاہ ترین گاڑیوں کی کوٹنگز میں شمار کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی مستقبل میں گاڑیوں کے ڈیزائن کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔