ویب ڈیسک۔ اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران بھارتی میڈیا خاص طور پر بھارتی خفیہ ایجنسی را سے وابستہ اور انتہاپسند نظریات کے حامی اینکر ارنب گوسوامی نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف شدید تنقید کی ہے۔
ارنب گوسوامی نے اپنے مشہور پروگرام ‘ڈیبیٹ ود ارنب’ کے منگل کے ایپی سوڈ میں چیختے ہوئے کہا کہ “صدر ٹرمپ ایک احمق ہیں!”
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ارنب گوسوامی کی جانب سے امریکی صدر کے خلاف اس شدید ردعمل کی لہر پاکستان کی حالیہ سفارتی اور عسکری کامیابیوں کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔
پروگرام کا آغاز ٹرمپ کی ایران اسرائیل تنازعے میں کردار پر تنقید سے ہوا، اور حسبِ معمول جلد ہی موضوع پاکستان پر تنقید میں بدل گیا۔ ارنب گوسوامی ان شخصیات میں شامل ہیں جو گزشتہ ماہ بھارت کی پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے اور گمراہ کن اطلاعات کا حصہ رہے۔
آج کے پروگرام میں ارنب گوسوامی نے دو پاکستانی صحافیوں اور تحریک انصاف کے رہنما عبدالصمد کو مدعو کیا تاکہ ایران اسرائیل تنازعے میں پاکستان کی سفارت کاری پر گفتگو کی جا سکے۔
ارنب گوسوامی نے گفتگو کا آغاز پاکستان کی پالیسی پر تنقید سے کیا اور یہ جھوٹا تاثر دینے کی کوشش کی کہ پاکستان، ایران کے خلاف ہے۔ تاہم پاکستانی صحافی نے تحمل کے ساتھ اس بیانئے کو رد کر دیا۔
اسی دوران تحریک انصاف کے رہنما عبدالصمد نے مداخلت کرتے ہوئے پاکستان کی ایران سے متعلق خارجہ پالیسی پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ پاکستان کی ایران سے متعلق پالیسی دھوکے پر مبنی ہے۔ ایران پاکستان میں دہشتگردوں کی حمایت کرتا ہے، تو پاکستان ایران کی حمایت کیوں کرے؟
اس پر پاکستانی صحافی نے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ایران کے خلاف حملوں کی مذمت کی ہے، چاہے وہ کسی بھی فریق کی جانب سے ہوں۔
پاکستان، بطور اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن، ایران کی درخواست پر ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ بھی کر چکا ہے اور بین الاقوامی سطح پر ایران کے دفاع کے حق کی حمایت کرتا رہا ہے۔
دریں اثناء بھارتی میڈیا حالیہ ایران اسرائیل کشیدگی میں سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرا کر علاقائی تناؤ کو گمراہ کن انداز میں پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔