بجٹ27-2026: ملازمین کی تنخواہوں میں کتنا اضافہ ہوگا؟ تفصیلات سامنے آگئیں

بجٹ27-2026: ملازمین کی تنخواہوں میں کتنا اضافہ ہوگا؟ تفصیلات سامنے آگئیں

وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد اضافے کی تجویز دی ہے، جبکہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ پر مشاورت کی ہے۔ یہ مشاورت وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہونے والے ایک غیر رسمی اجلاس میں کی گئی، جس کی میڈیا کوریج نہیں کی گئی۔

اجلاس میں نئے مالی سال کے بجٹ کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا، جن میں بالخصوص پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی)، ٹیکسز، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے سے متعلق امور شامل تھے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو بجٹ کے اہم نکات پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں افراطِ زر کی شرح کے تناسب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد سے 15 فیصد کے درمیان اضافے کی تجویز پیش کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: سولر لگوانے والوں کیلئے بری خبر، بجٹ سے قبل سولر پینل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ متوقع وسائل کی روشنی میں مزید ورکنگ کی جائے تاکہ یہ تعین کیا جا سکے کہ سرکاری ملازمین کو کتنا ریلیف دیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کریں گے۔

Related Articles