بلوچستان کے علاقے چمالنگ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس میں 8 دہشتگرد ہلاک جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں میجر سمیت 5 جوان شہید ہوگئے ۔
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے چمالنگ میں خفیہ اطلاع پر ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس میں دہشتگردوں اور کان کنی سے بھتہ خوروں کی موجودگی کی تصدیق کے بعد کارروائی کی گئی۔
آپریشن کے دوران دہشتگردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران آٹھ دہشتگرد ہلاک ہوگئے تاہم دہشتگردوں کے ساتھ لڑتے ہوئے پاک فوج کے میجر توصیف اور چار جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فرار ہونے والے دہشتگردوں کا تعاقب شروع کر دیا ہے اور علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی فورسز پورے علاقے میں ہائی الرٹ پر ہیں اور بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے آپریشنز مسلسل جاری رہیں گے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ آپریشن دہشتگردوں کے خلاف ایک اہم کامیابی ہے اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں بلوچستان میں امن و سکون کی بحالی کے لیے اہم قدم ثابت ہوں گی۔