ویب ڈیسک۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کی 98ویں سالگرہ کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر چین کے قومی دن کی تقریب بھی منعقد ہوئی، جس میں اعلیٰ سول و عسکری حکام، میڈیا اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل ساحر شمشاد مرزا نے چین کے عوام، فوج اور قیادت کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین کی مسلسل ترقی اور جدیدیت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے پاکستان اور چین کے درمیان آہنی بھائی چارے پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کا تعلق باہمی اعتماد، احترام اور تعاون پر مبنی ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان چینی شہریوں کی سیکیورٹی، چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کی مقبولیت کا گراف تیزی سے گرنے لگا، عوام ناراض، گورننس پر سنگین سوالات اٹھا دیے، گیلپ سروے آف پاکستان
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ چین آج علاقائی استحکام، امن اور خوشحالی کی علامت بن چکا ہے، اور پاکستان چین کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔