خیبرپختونخوا کے سینیٹ انتخابات میں حکومت اور اپوزیشن کے اتحاد نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے تمام نشستیں اپنے نام کر لیں۔ اس کامیاب اتحاد کے نتیجے میں حکومت کو 6 جبکہ اپوزیشن کو 5 نشستیں ملیں۔
جنرل نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کے مراد سعید نے 26، فیصل جاوید نے 22، نورالحق قادری اور مرزا آفریدی نے 21، 21 ووٹ حاصل کیے اور سینیٹر منتخب ہوئے۔
اپوزیشن کی جانب سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے عطاء الحق درویش اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما امیر مقام کے صاحبزادے نیاز احمد نے 18، 18 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے طلحہ محمود نے 17 ووٹ حاصل کرتے ہوئے سینیٹ میں جگہ بنائی۔
خواتین کی مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی کی روبینہ ناز نے 89 ووٹوں کے ساتھ برتری حاصل کی، جبکہ پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد نے 52 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔
ٹیکنوکریٹ نشست پر پی ٹی آئی کے اعظم سواتی نے بھی 89 ووٹ حاصل کیے، جبکہ دلاور خان 54 ووٹ لے کر منتخب قرار پائے۔ خیبر پختونخوااسمبلی سے منتخب سینیٹرز کی کامیابی کا ریٹرننگ آفیسر نے فارم 58 جاری کر دیا ہے۔