بیجنگ: فیلڈ سید عاصم منیرنے چین کی اعلیٰ سیاسی وعسکری قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں،فیلڈ مارشل عاصم منیر کی چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے نائب چیئرمین جنرل ژانگ یو شیا سے ملاقات پی ایل اے کے پولیٹیکل کمشنر جنرل چن ہوئی، اور پی ایل اے آرمی کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل کائی ژائی جون سے بھی ملاقاتیں پی ایل اے آرمی ہیڈکوارٹر پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
ملاقاتوں میں علاقائی و عالمی سیاسی منظرنامے میں تیزی سے بدلتی صورتِ حال، پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت تعاون اور رابطہ کاری کے امور زیر غور آئے۔
فریقین نے پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا،دونوں جانب سے مشترکہ جغرافیائی و سیاسی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط اور مؤثر ردعمل پر زور دیا گیا۔
چینی قیادت نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، دہشت گردی کے خلاف کامیاب جدوجہد اور خطے میں امن و استحکام کے قیام میں اس کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج جنوبی ایشیا میں امن کی علامت ہیں۔
دونوں ممالک کی قیادت نے خودمختاری پر مبنی برابری، کثیرالجہتی تعاون اور طویل مدتی علاقائی استحکام کے اصولوں پر کاربند رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دورہ چین کے دوران فیلڈمارشل اور چینی حکام کے مابین باہمی اعتماد، تزویراتی ہم آہنگی اور دیرپا دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔