وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بیرسٹر عقیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی سے منسلک سینکڑوں سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا سراغ لگا لیا گیا ۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیجیٹل دہشتگردی کے خلاف سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے اور اس ضمن میں عالمی برادری سے تعاون کی اپیل کرتا ہے تاکہ بین الاقوامی سطح پر منظم نیٹ ورکس کے خلاف مؤثر کارروائی کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو ریاستی اداروں، عدلیہ اور افواج پاکستان کے خلاف نفرت انگیز اور جھوٹے پروپیگنڈے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ملک میں افراتفری پھیلانا اور عوام کو گمراہ کرنا ہے۔
طلال چوہدری کے مطابق ان اکاؤنٹس کی نشاندہی کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ایف آئی اے اور دیگر ادارے ان عناصر کے خلاف ثبوت اکھٹے کر رہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا کی آزادی کا مطلب ریاستی سالمیت پر حملے کی اجازت ہرگز نہیں اور آزادی اظہار کی آڑ میں فتنہ انگیزی کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے عالمی اداروں خاص طور پر فیس بک، ایکس یوٹیوب اور دیگر پلیٹ فارمز سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعاون کر یں۔