پاکستان اور چین نے اپنی ’آہنی‘ دوستی اور اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جمعہ کو بیجنگ میں چینی سیاسی اور عسکری قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کا سلسلہ مکمل کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی و عسکری تعلقات کی گہرائی کو اجاگر کرتا ہے اور علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی چینی نائب صدر ہان ژینگ اور وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقاتوں میں علاقائی و عالمی سیاسی منظرنامے، چین، پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت روابط اور مشترکہ جیوپولیٹیکل چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دونوں فریقین نے باہمی تعلقات کی گہرائی پر اطمینان کا اظہار کیا اور خودمختاری، کثیرالجہتی تعاون اور طویل المدتی علاقائی استحکام کے عزم کا اعادہ کیا۔
نائب صدر ہان ژینگ نے پاکستان اور چین کو ’آہنی دوست‘ اور ’ہمہ موسمی اسٹریٹجک شراکت دار‘ قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کا رشتہ اعلیٰ سطح کے باہمی اعتماد، چیلنجز میں یکجہتی اور مشترکہ مستقبل پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستانی قیادت کے ساتھ طے پانے والے اتفاق رائے پر عملدرآمد کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔
دفاعی محاذ پر، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چینی فوجی قیادت سے ملاقاتیں کیں جن میں جنرل زانگ یوژیا (نائب چیئرمین، سینٹرل ملٹری کمیشن)، جنرل چن ہوئی (سیاسی کمشنر، پی ایل اے آرمی)، اور لیفٹیننٹ جنرل کائی زھائی جن (چیف آف اسٹاف، پی ایل اے آرمی) شامل تھے۔ پی ایل اے آرمی ہیڈکوارٹر میں ان کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جو دونوں افواج کے دیرینہ تعلقات کی علامت تھا۔
ملاقاتوں میں انسدادِ دہشتگردی، مشترکہ تربیت، دفاعی جدید کاری اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں عسکری تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ دونوں فریقین نے مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے آپریشنل انٹرآپریبلٹی اور اسٹریٹجک ہم آہنگی پر زور دیا۔ چینی عسکری قیادت نے دفاعی شراکت داری پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور دفاعی شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات پاکستان کی پوری قوم کا متفقہ مؤقف ہے اور پاکستان چین کے 3 عالمی اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’پاکستانی فوج اپنی قیادت کے طے کردہ اتفاق رائے پر عملدرآمد اور ہر شعبے میں اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔‘
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا یہ دورہ پاک[ چین دیرینہ تعلقات میں ایک اور اہم سنگ میل ثابت ہوا، جس میں دونوں ممالک نے تیزی سے بدلتے عالمی حالات کے پیش نظر اپنی اسٹریٹجک ہم آہنگی کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔