شہدائے پاکستان کو سلام،  کیپٹن عاقب جاوید شہید کی چھٹی برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

شہدائے پاکستان کو سلام،  کیپٹن عاقب جاوید شہید کی چھٹی برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

مادرِ وطن پر قربان ہونے والے عظیم سپوت کیپٹن عاقب جاوید شہید کی چھٹی برسی نہایت عقیدت، احترام اور قومی جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ کیپٹن عاقب جاوید 26 جولائی 2019 کو بلوچستان کے علاقے آواران تُربت میں دہشتگردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:ہمارے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، کورکمانڈرز کانفرنس کے شرکا کا عزم

شہید کیپٹن عاقب جاوید ان بہادر جوانوں میں شامل تھے جنہوں نے وطن کی پکار پر لبیک کہا اور اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ وہ ایک نڈر، بے باک اور وطن پر مر مٹنے والے مجاہد تھے، جن کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

شہید کے اہلِ خانہ نے اس موقع پر جذباتی گفتگو میں ان کی قربانی پر فخر کا اظہار کیا۔ ان کے والد نے کہا کہ ’ہمیں عاقب کے بچھڑنے کا دکھ ضرور ہے، لیکن خوشی ہے کہ میرے بیٹے نے وطن کے لیے جان قربان کی۔ وہ بہت ہونہار طالبعلم تھا اور ہمیشہ خاندان کا فخر رہا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’جو اس ملک کے لیے جان دیتے ہیں، ان کی عزت سب پر فرض ہے‘۔ شہید کی والدہ نے کہا کہ ’میرا بیٹا بہت محنتی اور قابل تھا، وہ ہمیشہ ہمارے دکھ سکھ کا خیال رکھتا تھا۔ عاقب کی یادیں ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی‘۔ انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ ’ہر وقت ملک کے دفاع کے لیے تیار رہیں‘۔

مزید پڑھیں:صدر، وزیراعظم کی بنوں چھاؤنی پرحملے کو ناکام بنانے پرسیکیورٹی فورسز کی ستائش، شہدا کو خراج عقیدت پیش

عاقب جاوید شہید کی بہن نے اپنے بھائی کی یاد میں کہا کہ ’مجھے فخر ہے کہ میں ایک شہید کی بہن ہوں۔ جب بھی بھائی کی یاد آتی ہے، وہ خواب میں آ جاتے ہیں۔ ان کی شہادت پر ہمیں فخر ہے، لیکن اُن کی کمی ہر لمحہ محسوس ہوتی ہے‘۔

کیپٹن عاقب جاوید شہید نے اپنے پیچھے والدین اور ایک بہن کو سوگوار چھوڑا۔ ان کی قربانی نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے اور ان جیسے جانبازوں کی بدولت ہی وطن عزیز آج محفوظ و مضبوط ہے۔ قوم ان کے عظیم جذبے، قربانی اور وفاداری کو سلام پیش کرتی ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *