پی ڈی ایم اے پنجاب نے 28 سے 31 جولائی کے دوران ملک کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے، بارشوں اور گلیشیئر پگھلنے سے دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
ترجمان پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے مطابق مون سون بارشوں کا پانچواں اسپیل 28 سے 31جولائی تک جاری رہے گا۔
اس دوران مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاءالدین، لاہور، شیخو پورہ، سیالکوٹ، گجرات، حافظ آباد، گوجرانوالا، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد اور اوکاڑہ میں بارشوں کا امکان ہے۔
ترجمان کے مطابق تربیلا کے مقام پر پر پانی کی آمد 3 لاکھ 9 ہزار اور اخراج 2 لاکھ 66 ہزار کیوسک، تونسہ کے مقام پر پانی کی آمد 4 لاکھ 47 ہزار اور اخراج 4 لاکھ 41 ہزار کیوسک، کالاباغ کے مقام پر پانی کی آمد 3 لاکھ اور اخراج 2 لاکھ 93 ہزار کیوسک اور چشمہ کے مقام پر پانی کی آمد 3 لاکھ 72 ہزار اور اخراج 3 لاکھ 57 ہزار کیوسک رکارڈ کیا گیا۔
دریائے چناب، راوی، جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ فی الحال نارمل ہے، تاہم پنجاب کے دریاؤں اور ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
ڈیرہ غازی خان کی رود کوہیوں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے تاہم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پانی کی سطح میں اضافے کا خدشہ ہے۔