کویت جانے کے خواہشمند افراد کیلئے خوشخبری

کویت جانے کے خواہشمند افراد کیلئے  خوشخبری

ویب ڈیسک۔ کویت میں کام کرنے کے خواہشمند پاکستانی افراد کے لیے خوشخبری آگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق خلیجی ریاست کی جانب سے رواں سال کے اوائل میں پاکستان پر عائد 19 سالہ ویزا پابندی ختم کیے جانے کے بعد ہنر مند کارکنوں کی برآمد دوبارہ شروع کی جائے گی۔

مئی 2025 میں کویت نے باضابطہ طور پر پاکستانی شہریوں پر طویل عرصے سے عائد ویزا پابندی کو ختم کر دیا، جس کے بعد کام، خاندان، کاروبار اور سیاحتی ویزوں کا اجرا دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ کویت نے ماضی میں پاکستان، ایران، شام اور افغانستان کے شہریوں کو ویزے جاری کرنے سے روک دیا تھا، جس کی وجہ ان ممالک میں سیکیورٹی کی خراب صورتحال بتائی گئی تھی۔

واضح رہے کہ ہر سال ہزاروں پاکستانی افراد خلیجی ممالک، یورپ، امریکا اور دیگر ممالک میں ملازمت کے لیے بیرون ملک جاتے ہیں۔ بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر جنوبی ایشیائی ملک کے لیے غیر ملکی ذخائر کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ملک طویل معاشی بحران سے گزر رہا ہو۔

یہ بھی پڑھیں: عوام کے لیے خوشخبری، بیرون ملک سے آن لائن اشیا منگوانے سے متعلق حکومت کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا

اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن، جو وزارت اوورسیز پاکستانی و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ (او پی اینڈ ایچ آر ڈی) کا ایک ذیلی ادارہ ہے، طویل وقفے کے بعد ریاست کویت کو ہنر مند کارکن فراہم کرے گا۔

سرکاری میڈیا کے مطابق کویت میں گودام سپروائزر کے عہدے کے لیے آسامیاں دستیاب ہیں۔ درخواست دہندگان کی زیادہ سے زیادہ عمر 35 سال ہونی چاہیے، ان کے پاس ڈپلومہ یا بیچلر ڈگری ہونا ضروری ہے اور انہیں انگریزی زبان پر عبور حاصل ہونا چاہیے۔

مزید برآں، امیدواروں کے پاس کسٹمر سروس کی عمدہ مہارت ہونی چاہیے اور ریٹیل گودام یا لاجسٹک کمپنیوں میں کام کا تجربہ ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: کویت نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزوں پر عائد پابندی ختم کر دی

سرکاری میڈیا نے یہ بھی بتایا کہ گودام کوآرڈینیٹر، گودام مین، بڑھئی، غیر ہنر مند کارکن، اسسٹنٹ فرنیچر اور ڈرائیور کے عہدوں کے لیے بھی ملازمتیں دستیاب ہیں۔

ان ملازمتوں کے لیے درخواست دہندگان کو اپنی دستاویزات جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 اگست 2025 مقرر کی گئی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *