وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ “اپنی چھت اپنا گھر” پراجیکٹ کے تحت تقریباً 64 ہزار درخواست دہندگان کو آسان اقساط پر یا بلا سود قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں۔
لاہور میں ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 9 ہزار سے زائد گھر مکمل ہو چکے ہیں اور رہائش کے لیے تیار ہیں، جبکہ 45 ہزار کے قریب مکانات تعمیر کے مراحل میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں دوسروں نے صرف وعدے کیے، ہم نے عوام کے لیے عملی طور پر گھر تعمیر کیے ہیں۔ یہ منصوبہ عوام کی سہولت اور بااختیاری کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ قرضے کسی سیاسی سفارش یا جانبداری کے بغیر دیے جا رہے ہیں، اور حکومت کا ارادہ ہے کہ وہ اپنی ہی کارکردگی کو پیچھے چھوڑے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ 64 ہزار گھر صرف اینٹوں اور گارے کے ڈھانچے نہیں بلکہ 64 ہزار خاندانوں کی امیدوں، خوابوں اور زندگیوں کی کہانیاں ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ وہ عوام کی مشکلات سے باخبر ہیں، ہر ماں باپ چاہتے ہیں کہ ان کے بچوں کے لیے ایک محفوظ اور پُرسکون چھت ہو، اور اب یہ خواب حقیقت کا روپ دھار رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگست تک گھروں کی تعداد 75 ہزار ہو جائے گی، سال کے آخر تک ایک لاکھ خاندانوں کو گھر دیے جائیں گے اور آئندہ پانچ سالوں میں پانچ لاکھ گھر فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے اس تاثر کو رد کیا کہ حکومت صرف لاہور پر توجہ دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “اپنا گھر” اسکیم پورے پنجاب میں جاری ہے اور ہزاروں افراد اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ ایک بھی ایسا شخص سامنے نہیں آئے گا جس سے اس کی سیاسی وابستگی پوچھی گئی ہو۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں موبائل پولیس اسٹیشنز متعارف کروائے جا رہے ہیں تاکہ لوگ تھانوں کے دھکے کھانے کے بجائے اپنی ایف آئی آرز گھر بیٹھے درج کرا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں بند کی گئی مفت ادویات کی فراہمی دوبارہ بحال کی گئی ہے، اور اب 95 فیصد افراد کو دوبارہ مفت دوائیاں دی جا رہی ہیں، جس کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اپنی زمین اپنا گھر اسکیم
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ جن لوگوں کے پاس اپنی زمین موجود نہیں، ان کے لیے پنجاب حکومت “اپنی زمین اپنا گھر” اسکیم شروع کر رہی ہے۔ اس اسکیم کا آغاز 2 ہزار پلاٹس سے کیا جا رہا ہے، جو اُن افراد کے لیے ہوں گے جن کے پاس کوئی پلاٹ نہیں ہے۔