وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے بجٹ سیشن کے دوران مختلف محکموں کے اُن افسران اور ملازمین کے لیے، جنہوں نے دن رات فرائض سرانجام دیے، 6 بنیادی تنخواہوں کے برابر خصوصی بونس دینے کا اعلان کر دیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں بجٹ سیشن کے دوران وزیر خزانہ نے عملے کی انتھک محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی سخت کوششوں نے بجٹ کے عمل کو کامیابی سے مکمل کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔
محمد اورنگزیب نے واضح کیا کہ بجٹ کی منظوری کا عمل باقاعدہ مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک اہم ریکارڈ قائم کرتے ہوئے ملکی تاریخ میں پہلی بار وفاقی حکومت کی آڈٹ رپورٹس متعلقہ مالی سال کے اندر ہی پارلیمنٹ کے سامنے پیش کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بجٹ کے ذریعے عوام، تنخواہ دار طبقے اور تاجر برادری کو ریلیف فراہم کرنے پر حکومتی معاشی ٹیم کی کارکردگی کو بھرپور سراہا۔
وزیراعظم نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، فنانس سیکرٹری اور چیئرمین ایف بی آر کی خدمات کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے عام شہریوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے مقصد سے دن رات کام کیا ہے اور امید ظاہر کی کہ معاشی استحکام کے ثمرات جلد معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچیں گے۔
حکومتی معاشی ٹیم نے مسلسل تعاون اور رہنمائی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کی معاشی بحالی اور پائیدار ترقی کے لیے اپنی کوششیں اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔