میرپور آزاد کشمیر میں تاجر رہنما عظمت خان اور دیگر تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔
پریس کانفرنس کے دوران تاجروں نے کہا کہ وہ کاروباری طبقے کی نمائندگی کرتے ہیں اور خطے کے امن، استحکام اور عوامی مفاد کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ مقررین نے مؤقف اختیار کیا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کی سرگرمیاں قومی مفادات کے خلاف ہیں اور یہ “بھارت کے ایجنڈے” پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے ماضی اور حال کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی ابتدا میں عوامی مسائل اور حقوق کی بات کر رہی تھی، تاہم اب یہ اپنے اصل مقصد سے مکمل طور پر ہٹ چکی ہے۔ ان کے مطابق اب کمیٹی ایسے معاملات کی جانب جا رہی ہے جن کا عوامی مسائل سے براہِ راست کوئی تعلق نہیں، جبکہ اس کے بعض حالیہ اقدامات سے عوام اور کاروباری طبقے میں شدید بے چینی پیدا ہوئی ہے۔
تاجر رہنماؤں نے واضح الفاظ میں کہا کہ وہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی موجودہ پالیسیوں اور تمام سرگرمیوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور اس سے اپنی مکمل لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے قومی جذبے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کی شناخت ہے اور افواجِ پاکستان ان کے تحفظ اور ملکی سلامتی کی حقیقی ضامن ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران تاجر رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان اور افواجِ پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں اور کسی بھی ایسے اقدام کی ہرگز حمایت نہیں کریں گے جس سے خطے کے امن و امان یا کاروباری سرگرمیوں پر کوئی منفی اثر مرتب ہو۔
اس موقع پر تاجروں نے کالعدم تنظیم کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میرپور کے تمام بازار معمول کے مطابق کھلے ہیں اور تمام کاروباری سرگرمیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ انہوں نے عوام اور تاجر برادری کو یقین دلایا کہ کسی بھی شرپسندی یا منفی پروپیگنڈے کو خطے کے امن اور روزگار پر اثر انداز نہیں ہونے دیا جائے گا۔