پاکستان مانومنٹ پر معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کی تقریب جاری ہے جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت وفاقی وزرا اور اعلیٰ عسکری نے شرکت کی۔ تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی اور وفاقی وزیر علیم خان سمیت اہم شخصیات بھی موجود ہیں۔
وزیراعظم کا خطاب
وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق کی عظیم کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مدبرانہ اور دلیرانہ قیادت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان نے رات کے اندھیرے میں کیے گئے حملے کا تاریخی جواب دیا اور پوری قوم فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سلام پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری شاہینوں کی جرات اور فتح، میزائل کے نشانے نے دشمن کو چاروں شانے چت کر دیا۔ معرکہ حق کی اس عظیم کامیابی پر ہم اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ نے معرکہ حق کو عظیم فتح میں تبدیل کیا۔
10 مئی کو ہر سال منانے کا اعلان
وزیراعظم نے 10 مئی کو معرکہ حق کے دن کے طور پر منسوب کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس دن کو ہر سال جوش و جذبے سے منایا جائے گا تاکہ عوام میں حب وطن اور قومی یکجہتی کا جذبہ مزید بڑھ سکے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ دن قوم کے عزم و ہمت کی علامت بن کر ہماری تاریخ کا ایک اہم حصہ بنے گا۔
شدید بارش بھی جذبۂ حب الوطنی کو نہ روک سکی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں بُنْيَانُ الْمَرْصُوص کی تقریب میں شرکت کر کے قومی عزم، اتحاد اور استقامت کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔ بارش کے باوجود فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تقریب میں شریک رہے۔
10 مئی پاکستانی تاریخ کا سنہری باب ہے، صدر مملکت
صدر مملکت آصف زرداری نے معرکہ حق پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی تھی اور 10 مئی پاکستانی تاریخ کا سنہری باب ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعہ کو بنیاد بنا کر پاکستان پر حملہ کیا لیکن افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کا حیران کن جواب دیا۔ آصف زرداری نے کہا کہ بزدل دشمن نے رات کی تاریکی میں ہماری مساجد اور معصوم شہریوں پر حملہ کیا، لیکن افواج پاکستان نے اپنی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے 8 جدید لڑاکا طیارے مار گرائے۔
صدر آصف زرداری نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان کی جرات اور بہادری کی بھرپور تعریف کی، اور کہا کہ ان کی قیادت میں پاکستان کی افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔