امریکا کے ساتھ سالانہ تجارت میں پاکستان کا تجارتی منافع 4 ارب ڈالر سے بڑھ گیا ہے، جب کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارتی حجم میں16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان اور امریکا کے درمیان کل تجارتی حجم 7.598 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ پاکستان کی امریکا کو برآمدات میں 10 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، جو 5.83 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ امریکا سے درآمدات کا حجم 1.763 ارب ڈالر رہا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں40 فیصد زیادہ ہے۔
امریکا کو پاکستان کی اہم برآمدات
پاکستان کی برآمدات میں ٹیکسٹائل اور ملبوسات کا شعبہ سب سے نمایاں رہا۔ اہم برآمدی اشیا میں بیڈ شیٹ، میز، بیت الخلا اور کچن کی مصنوعات 1.038 ارب ڈالر، مردانہ سوٹ، جیکٹس اور پینٹس 936 ملین ڈالر، تیار شدہ ملبوسات اور ڈریس پیٹرنز 386 ملین ڈالر، ٹی شرٹس 361 ملین ڈالر، جرسیز اور پُل اوورز 312 ملین ڈالر، موزے 278 ملین ڈالر، چمڑے کی مصنوعات 165 ملین ڈالر، خواتین کا ملبوسات157 ملین ڈالر شامل ہیں۔
یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان کا ٹیکسٹائل سیکٹراب بھی امریکی مارکیٹ میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔
پاکستان کی امریکا سے بڑھتی ہوئی درآمدات
پاکستان نے امریکا سے 1.763 ارب ڈالر مالیت کی اشیا درآمد کیں، جس میں صنعتی و زرعی اجناس کا نمایاں حصہ رہا، اہم درآمدات کپاس 393 ملین ڈالر، لوہے اور اسٹیل کا سکریپ160 ملین ڈالر، سویابین137 ملین ڈالر، کوئلہ 56 ملین ڈالر، ٹربوجیٹس اور گیس ٹربائنز 50 ملین ڈالر، کمپیوٹر مشینیں 40 ملین ڈالر، پٹرولیم آئل 38 ملین ڈالر، الیکٹرو میڈیکل آلات 36 ملین ڈالر، خشک میوہ جات 33 ملین ڈالرشامل ہیں۔
تجارتی امکانات
4 ارب ڈالر سے زیادہ کے تجارتی منافع کے ساتھ، پاکستان امریکا کے ساتھ ایک مثبت تجارتی توازن برقرار رکھے ہوئے ہے۔ یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ امریکی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات، خاص طور پر ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ پاکستان کی برآمدات پر مبنی معیشت کے لیے خوش آئند ہے۔ وہ تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے برآمدات میں تنوع اور نئی منڈیوں کی تلاش پر زور دیتے ہیں۔