لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
یہ حکم مئی 9 کے دو مقدمات میں جاری کیا گیا، جس کے تحت عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل کو مراسلہ بھیجتے ہوئے ہدایت دی کہ اگر شاہ محمود قریشی کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں ہیں تو انہیں فوراً رہا کیا جائے۔ یہ حکم انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج منظر علی گل نے جاری کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز انسداد دہشت گردی عدالت نے کوٹ لکھپت جیل میں تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ اور جناح ہاؤس کے قریب گاڑیاں جلانے سے متعلق مقدمات کا فیصلہ سنایا تھا۔ اس فیصلے میں عدالت نے شاہ محمود قریشی کو مئی 9 کے مزید دو مقدمات میں بری کر دیا، جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد، محمود الرشید اور اعجاز چوہدری کو دس، دس سال قید کی سزائیں سنائیں۔
یاد رہے کہ القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیے جانے کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے ملک بھر میں احتجاج ہوا تھا۔ 9 مئی کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو آگ لگانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔
مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر حملہ کیا اور راولپنڈی میں جی ایچ کیو کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا۔ ان واقعات کے بعد جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔