’تحریکِ پاکستان ‘ کی انتہائی نایاب 150 تصاویر چوری

’تحریکِ پاکستان ‘ کی انتہائی نایاب 150 تصاویر چوری

علامہ اقبال لائبریری کراچی سے تحریکِ پاکستان سے متعلق نایاب اور قیمتی تصاویر کا مجموعہ پراسرار طور پر غائب ہو گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ مجموعہ تقریباً 150 نایاب اور تاریخی اہمیت کی حامل تصاویر پر مشتمل تھا، جن میں تحریکِ پاکستان کے ممتاز رہنماؤں اور شہدا کی تصویریں شامل تھیں۔ یہ تصاویر لائبریری کی گیلری اور آڈیٹوریم میں عوامی نمائش کے لیے رکھی گئی تھیں، جن کے اچانک غائب ہونے پر عوامی اور سماجی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:میں نے آج تک پاکستان تحریکِ انصاف کا اتنا فارغ ، اتنا بیکار قسم کا احتجاج نہیں دیکھا، منصور علی خان

میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق ناظم رانا افتخار رسول، جنہوں نے 2006 میں پاکستان آئیڈیالوجی انسٹیٹیوٹ کے تعاون سے ان تصاویر کو حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا، نے اس افسوسناک واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

ڈان ٹی وی سی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ نمائش تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) کے تعاون سے اس مقصد کے تحت لگائی گئی تھی کہ نئی نسل کو تحریکِ پاکستان میں دی گئی قربانیوں سے آگاہی دی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ صرف چوری نہیں بلکہ قومی ورثے کی سنگین چوری ہے‘۔ رانا افتخار رسول نے مطالبہ کیا کہ حکام فوری طور پر اس واقعے کا نوٹس لیں اور ایک شفاف انکوائری کروائیں۔ ’ اگر اس غفلت کا بروقت ازالہ نہ کیا گیا تو ہماری قومی شناخت کا ایک قیمتی حصہ ہمیشہ کے لیے ضائع ہو سکتا ہے‘۔

مزید پڑھیں:کشمیریوں کی تحریک کے لیے پاکستان کی حمایت کسی بھی شک و شہبے سے بالاتر ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق

سماجی اور سیاسی حلقوں نے بھی اس واقعے پر سخت ردعمل دیا ہے اور اس واقعے کو بدانتظامی اور ممکنہ کرپشن کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری کارروائی کی جائے اور ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق متعدد بار رابطہ کرنے کے باوجود میونسپل کمیٹی  کے ایڈمنسٹریٹر عرفان انور، چیف میونسپل آفیسر رانا محمود احمد اور علامہ اقبال لائبریری کے انچارج محمد طارق نے کوئی جواب نہیں دیا۔

اس واقعے نے قومی تاریخی اثاثوں کے تحفظ اور سرکاری اداروں میں ثقافتی ورثے کی سلامتی سے متعلق سنگین سوالات کو جنم دیا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *