امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی حکومت نے ان کی درخواست پر 8 خواتین کی سزائے موت پر عمل درآمد روک دیا ہے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم Truth Social پر جاری بیان میں کہا کہ انہیں اطلاع دی گئی ہے کہ جن 8 خواتین کو سزائے موت دی جانی تھی، اب انہیں یہ سزا نہیں دی جائے گی انہوں نے کہا کہ 4 خواتین کو فوری طور پر رہا کر دیا جائے گا جبکہ باقی 4 کو ایک ماہ قید کے بعد رہا کیا جائے گا۔
امریکی صدر نے کہا کہ وہ اس بات کو سراہتے ہیں کہ ایرانی قیادت نے بطور امریکی صدر ان کی درخواست کا احترام کیا اور ان خواتین کی سزائے موت ختم کر دی۔
اس سے قبل بھی انہوں نے انہی خواتین کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا اور ایرانی قیادت پر زور دیا تھا کہ انہیں نقصان نہ پہنچایا جائے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان 8 خواتین کی گرفتاری اور سزائے موت کی آزاد ذرائع سے مکمل تصدیق بھی نہیں ہو سکی، ٹرمپ کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں صرف ایک خاتون کی شناخت ہو سکی تھی، جو حالیہ حکومت مخالف مظاہروں میں شریک بتائی گئی۔