وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے اعلان کیا ہے کہ حالیہ سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے کے بجائے 20 لاکھ فی کس معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے یہ اعلان ضلع بونیر کے دورے کے موقع پر کیا جہاں انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ریلیف اور بحالی اقدامات سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان، صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی شریک ہوئے۔
اس دوران سیلاب میں شہید ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی،اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع بونیر کی سات ویلج کونسلیں شدید متاثر ہوئیں جہاں کلاوڈ برسٹ کے نتیجے میں 5380 مکانات کو نقصان پہنچا، 209 افراد جاں بحق، 134 لاپتہ جبکہ 159 افراد زخمی ہوئے۔
یہ خبر بھی پڑھیں :وفاقی حکومت کا سیلاب متاثرین کے لواحقین کے لیے 20،20 لاکھ روپے امداد کا اعلان، امدادی سامان روانہ
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کا سیلاب سے متاثرہ ضلع بونیر کا دورہ ۔۔۔ اجلاس میں سیلاب کی تباہ کاریوں ،ریسکیو اور ریلیف و بحالی کی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی pic.twitter.com/yXSkkgFodH
— Azaad Urdu (@azaad_urdu) August 16, 2025
ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں بھاری مشینری بشمول 10 ایکسکیویٹرز، 22 ٹریکٹرز، 10 ڈی واٹرنگ پمپس، 5 واٹر باؤزرز اور 10 ڈوزرز استعمال کیے جا رہے ہیں۔
کارروائیوں میں 223 ریسکیو اہلکار، 205 ڈاکٹرز، 260 پیرا میڈکس، 400 پولیس اہلکار اور 300 سول ڈیفنس رضاکار شریک ہیں، جبکہ پاک فوج کے دستے بھی متحرک ہیں۔