وزیراعظم یوتھ لون اسکیم 2025: نوجوانوں کے لیے کم شرح سود پر قرض کی سہولت

وزیراعظم یوتھ لون اسکیم 2025: نوجوانوں کے لیے کم شرح سود پر قرض کی سہولت

حکومتِ پاکستان نے نوجوانوں کے لیے وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم (PMYBALS) 2025 کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ اسکیم ملک بھر کے نوجوانوں کو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار شروع کرنے یا توسیع دینے کے لیے مالی معاونت فراہم کرے گی۔

اس اسکیم کے تحت آئی ٹی، ای کامرس، فِن ٹیک، زرعی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سروسز جیسے شعبوں سے وابستہ اسٹارٹ اپس اور کاروباروں کو لاکھوں روپے کے قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ حکومت نے یہ سہولت بغیر سود یا کم شرح سود پر دینے کا اعلان کیا ہے تاکہ نوجوانوں کو مالی مشکلات کے بغیر خود کفالت کی طرف لایا جا سکے۔

اس پروگرام کے تحت قرض تین سطحوں میں دیا جائے گا۔ پہلی سطح میں زیادہ سے زیادہ پانچ لاکھ روپے تک کی رقم بغیر سود دی جائے گی جس کی واپسی تین سال میں کی جا سکے گی۔ دوسری سطح میں پانچ لاکھ سے پندرہ لاکھ روپے تک قرض دیا جائے گا جس پر پانچ فیصد شرح سود لاگو ہو گی اور واپسی کی مدت آٹھ سال ہو گی۔ تیسری سطح میں پندرہ لاکھ سے پچھتر لاکھ روپے تک قرض دیا جائے گا جس پر سات فیصد سود ہو گا اور ادائیگی کی مدت بھی آٹھ سال ہو گی۔

قرض کی یہ رقم آئی ٹی ہارڈویئر، مشینری، ورکنگ کیپیٹل اور گاڑیوں کی خریداری سمیت مختلف کاروباری ضروریات کے لیے استعمال کی جا سکے گی۔ نئے کاروبار شروع کرنے والے افراد کو قرض کے لیے 10 سے 20 فیصد تک ایکوئٹی دینی ہو گی جو قرض کی سطح پر منحصر ہو گی، جبکہ موجودہ کاروبار کے لیے کسی ایکوئٹی کی ضرورت نہیں۔

درخواست دینے کے لیے امیدوار کی عمر عام طور پر 21 سے 45 سال کے درمیان ہونی چاہیے، تاہم آئی ٹی یا ای کامرس سے وابستہ افراد کے لیے عمر کی حد 18 سے 45 سال مقرر کی گئی ہے، بشرطیکہ کم از کم میٹرک کی تعلیم حاصل کی گئی ہو۔ درخواست دہندہ کو پاکستانی شہری ہونا اور درست قومی شناختی کارڈ رکھنا لازمی ہے۔

درخواست دینے کے خواہشمند افراد کو سرکاری ویب سائٹ https://pmybals.pmyp.gov.pk پر جا کر’’اپلائی لون‘‘ کے آپشن پر کلک کرنا ہو گا، جہاں شناختی کارڈ نمبر، اس کی اجراء کی تاریخ، قرض کی سطح، ذاتی معلومات، تعلیمی پس منظر، آمدن، کاروباری تفصیل اور ضروری دستاویزات فراہم کر کے درخواست جمع کرائی جا سکتی ہے۔ بعد ازاں، “Track Application” کے ذریعے درخواست کی پیش رفت دیکھی جا سکتی ہے۔

یہ اسکیم وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کا حصہ ہے، جس کا مقصد نوجوانوں میں خود روزگاری کو فروغ دینا، ملک میں کاروباری اختراعات کی حوصلہ افزائی کرنا اور قومی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *