محسن نقوی کی ایرانی وزیر داخلہ سے اہم ملاقات،خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال

محسن نقوی کی ایرانی وزیر داخلہ سے اہم ملاقات،خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال

 وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے ایرانی ہم منصب سکندر مومنی سے اہم ملاقات کی، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، پاک ایران تعلقات اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران محسن نقوی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خصوصی پیغام بھی ایرانی وزیر داخلہ تک پہنچایا، دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری پیش رفت اور موجودہ چیلنجز کے تناظر میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پاکستان اور ایران کے تعلقات، سرحدی تعاون اور خطے کی تازہ ترین سیاسی و سلامتی کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی، اس کے علاوہ امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی اور اس سے متعلق مختلف امور پر بھی دونوں وزرائے داخلہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں :امریکا-ایران جنگ بندی معاہدے کے لیے پاکستانی کوششیں جاری، محسن نقوی تہران پہنچ گئے

ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ خطے میں پائیدار امن، استحکام اور سلامتی کے قیام کے لیے سفارتی کوششوں کا تسلسل ناگزیر ہے،دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی رابطوں اور تعاون کو مزید فروغ دے کر علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کردار ادا کیا جائے گا۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب خطے کو متعدد سفارتی اور سلامتی سے متعلق چیلنجز درپیش ہیں، اس لیے پاکستان اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطے علاقائی استحکام کے لیے اہم تصور کیے جا رہے ہیں۔

editor

Related Articles