ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرا ہوگا یا نہیں؟ فیصلہ ہوگیا

ایشیا کپ میں  پاک بھارت ٹاکرا ہوگا یا نہیں؟ فیصلہ ہوگیا

بھارت کے پاکستان کے خلاف ایشیا کپ میں نہ کھیلنے کی قیاس آرائیاں ختم ہوگئیں۔ بھارتی حکومت نے ایشیا کپ 2025 میں بھارتی ٹیم کی شرکت کی منظوری دے دی ہے، جس سے آئندہ ماہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

سیاسی بحث اور عوامی ردعمل کے بعد بھارتی وزارتِ کھیل نے جمعرات کو اعلان کیا کہ بھارت ملٹی لیٹرل ایونٹس، بشمول ایشیا کپ، میں پاکستان کے خلاف کھیلنے پر تیار ہے، اگرچہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ کرکٹ بدستور معطل رہے گی۔

ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کا بڑا مقابلہ 14 ستمبر کو دبئی میں شیڈول ہے، جو ٹورنامنٹ کا سب سے اہم میچ قرار دیا جا رہا ہے۔

بھارتی اسکواڈ کا اعلان

بھارت نے ایشیا کپ کے لیے اپنی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے، جس کی قیادت سوریا کمار یادو کریں گے۔ سلیکٹرز نے تجربہ اور نوجوان ٹیلنٹ کا امتزاج برقرار رکھتے ہوئے اسکواڈ تیار کیا ہے تاکہ بھارت اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کرسکے۔

دوطرفہ تعلقات پر مؤقف برقرار

بھارتی وزارتِ کھیل نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ کھیل بحال نہیں ہوں گے اور نہ ہی پاکستانی ٹیموں کو بھارت میں کھیلنے کی اجازت ہوگی، تاہم بین الاقوامی یا کثیرالملکی مقابلوں میں بھارتی ٹیمیں پاکستان کے خلاف حصہ لے سکیں گی۔

پاکستانی ٹیم کی تیاریاں

دوسری جانب پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم دبئی پہنچ چکی ہے۔ سلمان آغا کی قیادت میں اسکواڈ نے جمعرات سے آئی سی سی اکیڈمی میں ٹریننگ شروع کردی۔ ٹیم میں نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں، جن کے تحت سابق کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان اسکواڈ سے باہر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سابق کرکٹر سکندر بخت بارش کے پانی میں پھنس گئے، کشتی منگوا کر گھر جانا پڑا

پاکستان 29 اگست سے افغانستان اور یو اے ای کے خلاف سہ ملکی سیریز کے بعد 12 ستمبر کو عمان کے خلاف ایشیا کپ مہم کا آغاز کرے گا۔

دبئی ٹاکرے پر دنیا کی نظریں

بھارت کی شرکت کی تصدیق اور پاکستان کے نئے اسکواڈ کے بعد 14 ستمبر کو دبئی میں ہونے والے پاک بھارت ٹاکرے پر دنیا کی نظریں مرکوز ہیں۔ یہ میچ ہمیشہ کی طرح کرکٹ سے بڑھ کر ایک بڑے سیاسی اور سفارتی تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے، جس کی عالمی سطح پر گہری بازگشت متوقع ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *