وزیراعظم شہباز شریف نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ایک کروڑ ڈیجیٹل والٹس کے قیام کا باضابطہ آغاز کردیا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے ذریعے ڈیجیٹل والٹس کا اجرا ایک بڑی پیش رفت ہے اور اس موقع پر وہ سینیٹر روبینہ خالد سمیت تمام متعلقہ اداروں اور شراکت داروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کیش لیس ٹرانزیکشنز کی جانب یہ قدم نہ صرف جدت کی طرف پیش رفت ہے بلکہ ملک کی معیشت کے لیے بھی خوش آئند ہے۔
وزیراعظم نے مزید بتایا کہ وہ ہر ماہ کیش لیس معیشت کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لے رہے ہیں،اس سے قبل شہباز شریف نے ایف بی آر میں عالمی معیار کے جدید ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی تشکیل کی منظوری بھی دی تھی جس کا مقصد ٹیکس نظام کو مربوط بنانا اور ریئل ٹائم مانیٹرنگ کو ممکن بنانا ہے۔
ایف بی آر اصلاحات سے متعلق اجلاس میں وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، احد چیمہ، بلال اظہر کیانی، چیئرمین ایف بی آر، مشرف زیدی اور دیگر معاشی ماہرین شریک ہوئے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ صرف ڈیجیٹائزیشن کافی نہیں بلکہ ایک ایسا جامع اور مضبوط نظام ضروری ہے جو پیداوار، درآمد، مینوفیکچرنگ اور صارف تک رسائی کے تمام مراحل کو ایک دوسرے سے جوڑ دے۔