لاہور میں شدید بارش کے باعث کچے مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق ایک زخمی ہو گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور میں رات بھر جاری رہنے والی بارش اس وقت خطرناک شکل اختیار کر گئی جب منہال روڈ واقع گاؤں کھیرا پل میں مٹی سے بنے ایک مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں 2 افراد جان بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ چھت مٹی اور ٹی آر گارڈ سے بنائی گئی تھی جس کی وجہ سے یہ واقع پیش آیا، جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 18 سالہ آفتاب اور رانی جان کے نام سے ہوئی ہے جب کہ 35 سالہ شرجیل جان شدید زخمی ہیں۔
ریسکیو ٹیموں نے لاشوں کو ملبے سے نکال کر مقامی اسپتال کے مردہ خانہ میں منتقل کر دیا ہے، زخمی کو طبی امداد کے لیے لاہور کے گھورکی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ادھر موسلا دھار بارش سے لیسکو کے 50 سے زیادہ فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی میں بھی خلل پڑا جس سے متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے سربراہ نے یقین دلایا کہ ٹیمیں بجلی کی بحالی کے لیے 24 گھنٹے کام کر رہی ہیں جبکہ شہریوں کو بارش کے دوران بجلی کی لائنوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔