پاکستان بھر میں 29 اگست سے 2 ستمبر تک موسلا دھار بارشوں اور طوفانی ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے جس کے باعث تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے 29 اگست سے 2 ستمبر کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی جاری کی ہے، جس میں وقفے وقفے سے وقفہ آنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شدید بارشوں کے باعث فلیش فلڈنگ، شہری سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحرہ عرب اور خلیج بنگال سے مضبوط مون سون ہوائیں 29 اگست سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جبکہ ایک مغربی ہوا کا سلسلہ 30 اگست کو بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوگا، جس کے باعث مختلف علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگا۔
کشمیر اور گلگت بلتستان
کشمیر نیلم ویلی، مظفرآباد، راولا کوٹ، پونچھ، باغ، کوٹلی، میرپور وغیرہ میں 29 اگست سے 2 ستمبر تک وسیع پیمانے پر بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔
اسی طرح گلگت بلتستان، دیامر، اسکردو، ہنزہ، گانچھے، شگر وغیرہ میں 30 اگست سے 1 ستمبر تک بارش اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے معتدل بارشیں ہوں گی۔
خیبر پختونخوا میں بارشیں
خیبر پختونخوا کے علاقوں سوات، دیر، چترال، کوہستان، ایبٹ آباد، پشاور، ڈی آئی خان سمیت دیگر اضلاع میں 29 اگست سے 1 ستمبر تک بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کا امکان ہے۔
پنجاب اور اسلام آباد
اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، گوجرانوالہ سمیت بالائی اور وسطی پنجاب کے اضلاع میں 29 اگست سے 2 ستمبر تک وسیع پیمانے پر بارش اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔
اسی طرح جنوبی پنجاب میں ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان وغیرہ میں 29 اگست کی رات سے 2 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش اور کہیں کہیں شدید بارش متوقع ہے۔
سندھ میں بارشیں
صوبہ سندھ میں تھرپارکر، عمر کوٹ، سکھر، لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد میں 30 اور 31 اگست کو بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان میں بارشیں
اسی طرح صوبہ بلوچستان میں ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، خضدار، لورالائی سمیت مختلف علاقوں میں 30 اگست سے 1 ستمبر تک بارش اور کہیں کہیں شدید بارش متوقع ہے۔
ممکنہ خطرات اور احتیاطی تدابیر
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، مری، گلیات، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، راولپنڈی میں 29 اگست کی رات سے 1 ستمبر تک نالوں اور چھوٹے دریاؤں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
اسی طرح اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، پشاور، مردان جیسے شہروں کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے گرنے کے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔
اسی طرح انفراسٹرکچر کو نقصان: شدید بارش، آندھی اور بجلی گرنے سے کمزور عمارتیں، کھمبے، سائن بورڈز، گاڑیاں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
عوام اور اداروں کے لیے ہدایات
محکمہ موسمیات نے عوام، خاص طور پر سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر اور متاثرہ علاقوں میں جانے سے گریز کریں اور موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں۔
متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’تمام متعلقہ محکمے ہائی الرٹ رہیں اور ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات یقینی بنائیں‘،۔