چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا (نشانِ امتیاز، نشانِ امتیاز ملٹری) نے مالدیپ کے سرکاری دورے کے دوران صدر ڈاکٹر محمد معیظو، وزیرِ دفاع محمد غسان مامون اور چیف آف ڈیفنس فورس میجر جنرل ابراہیم حلمی سے ملاقاتیں کیں۔
دورانِ ملاقات دونوں ممالک کے وفود کے درمیان عالمی اور علاقائی سلامتی کی بدلتی صورتحال اور دفاع و سیکیورٹی کے شعبوں میں باہمی تعاون کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
فریقین نے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان فوجی سطح پر روابط اور اشتراکِ عمل کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور مالدیپ مستقبل میں بھی اپنے دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بناتے رہیں گے۔
مالدیپ کی سول و عسکری قیادت نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس سے قبل جنرل ساحر شمشاد مرزا جب مالدیپ نیشنل ڈیفنس فورس ہیڈکوارٹرز پہنچے تو انہیں ایک چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔