پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں پہلی بار ایک تاریخی پیش رفت دیکھنے میں آ رہی ہے جب چھ مختلف شہروں میں پاکستان سپر لیگ کے میچز کھیلے جائیں گے۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نذیر کے مطابق سال 2026 کے ایڈیشن میں لاہور، کراچی، ملتان، پشاور، فیصل آباد اور راولپنڈی میزبانی کے اعزاز سے نوازے جائیں گے۔
یہ اقدام پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس وژن کی عملی مثال ہے جس کا مقصد ملک بھر میں اعلیٰ معیار کی کرکٹ کو فروغ دینا اور کرکٹ کو بڑے شہروں سے نکال کر ملک کے ہر خطے تک پہنچانا ہے۔
ماضی میں لاہور، کراچی، ملتان اور راولپنڈی پی ایس ایل میچز کی میزبانی کرتے رہے ہیںتاہم 2026 میں پہلی مرتبہ فیصل آباد اور پشاور کو بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
اس شمولیت کو پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کے حوالے سے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے ان دونوں شہروں میں جدید طرز کے کرکٹ اسٹیڈیمز کی تعمیر اور تزئین و آرائش کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت پشاور اور فیصل آباد کے اسٹیڈیمز کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ وہ نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح کے مقابلوں کی میزبانی بھی کر سکیں۔
ان میں نیا انفراسٹرکچر، بہتر فلڈ لائٹس، جدید ڈریسنگ رومز اور ناظرین کے لیے مزید آرام دہ سہولیات شامل کی گئی ہیں کرکٹ شائقین نے اس تاریخی اعلان پر سوشل میڈیا پر زبردست خوشی کا اظہار کیا ہے۔
مختلف پلیٹ فارمز پر شائقین کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کو ملک کے مزید شہروں تک پھیلانا نہ صرف کھیل کے دائرے کو وسیع کرے گا بلکہ عوام کے دلوں میں اس لیگ کے لیے محبت اور جوش کو بھی بڑھائے گا۔
یہ فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پی ایس ایل صرف ایک ٹورنامنٹ نہیں بلکہ قومی اتحاد اور فخر کی علامت بن چکی ہے پی سی بی کے مطابق آئندہ چند مہینوں میں پی ایس ایل 2026 کے مکمل شیڈول، میچ وینیوز اور فرنچائزز کے ہوم گراؤنڈز سے متعلق مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔