پنجاب میں سیلابی صورت حال بدستور تشویشناک، مزید کئی دیہات خالی کروا لیے گئے ہیں، عرفان علی کاٹھیا

پنجاب میں سیلابی صورت حال بدستور تشویشناک، مزید کئی دیہات خالی کروا لیے گئے ہیں، عرفان علی کاٹھیا

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ پنجاب میں سیلابی صورتحال بدستور تشویشناک ہے۔ دریائے ستلج میں آنے والے سیلابی ریلے نے کئی نشیبی علاقوں کو متاثر کیا ہے جبکہ متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ملک میں سیلابی صورت حال کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا

ہفتہ کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹیھا نے مزید کہا کہ دریائے ستلج کے اطراف کے دیہات کو احتیاطی تدابیر کے تحت خالی کروا لیا گیا ہے، کیونکہ ایک طاقتور سیلابی ریلا ہیڈ سلیمانکی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اس وقت دریائے ستلج میں 3 لاکھ 3 ہزار کیوسک پانی کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو کہ خطرے کی گھنٹی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک 30 ہزار 380 ایکڑ زرعی رقبہ پانی کی لپیٹ میں آ چکا ہے، جس سے مقامی کسانوں کو شدید نقصان کا سامنا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں فصلیں تباہ ہو چکی ہیں جبکہ مکانات اور بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

سرگودھا اور اس کے گرد و نواح میں بھی سیلابی کیفیت پیدا ہو چکی ہے۔ پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کی مشترکہ ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی و ریسکیو سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے اور انہیں خیمے، خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں۔

مزید پڑھیں:سیلاب متاثرین کےلیے ایک نئی مشکل، سیلابی علاقوں میں وبائی امراض پھیلنے لگے

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید خبردار کیا کہ بھارت کی جانب سے دریائے جہلم میں بھی مزید پانی چھوڑا گیا ہے، جس سے آزاد کشمیر میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ حکومت صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حکومتی اعلانات اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور خطرناک مقامات کے قریب جانے سے گریز کریں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *