سوشل میڈیا پر “گلوبل ٹرینڈز میگزین (GTM)” کے نام سے سامنے آنے والے اکاؤنٹ کی جانب سے وزیرِاعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے مبینہ “ورلڈ ایکسکلوسیو انٹرویو” سے متعلق دعوے غلط اور گمراہ کن ہیں ۔
پاکستان میں اعلیٰ قیادت کے خصوصی انٹرویو کے بارے میں آن لائن گردش کرنے والے دعوے بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں ، آزاد فیکٹ چیک حقیقت سامنے لے آیا ۔
فیکٹ چیک کے مطابق دستیاب معلومات کے مطابق وزیراعظم پاکستان یا فیلڈ مارشل کا ایسا کوئی انٹرویو نہ تو کیا گیا، نہ اس کی منظوری دی گئی اور نہ ہی اس کا کوئی شیڈول طے پایا۔
ابتدائی او ایس آئی این ٹی (اوپن سورس انٹیلیجنس) جائزے سے ظاہر ہوتا ہے کہ مذکورہ اکاؤنٹ کا ڈیجیٹل ریکارڈ مشکوک ہے اور اس میں ایک مستند بین الاقوامی اشاعت کے لیے درکار شفافیت اور ساکھ کا فقدان ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس اکاؤنٹ کے صرف 99 فالوورز، 126 پوسٹس اور کوئی ریویوز موجود نہیں، جو نہ صرف اس کی صداقت پر سوال اٹھاتے ہیں بلکہ اس کا صحافت سے بھی کوءی تعلق نظر نہیں آتا ۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدام ممکنہ طور پر ریاستی قیادت کے نام استعمال کر کے توجہ حاصل کرنے، ڈیجیٹل ٹریفک بڑھانے یا ممکنہ دھوکہ دہی کی کوشش ہو سکتا ہے۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسے گمراہ کن مواد کو نہ پھیلائیں اور نہ ہی اس کے ساتھ کسی قسم کی وابستگی اختیار کریں۔
مزید برآں “گلوبل ٹرینڈز میگزین (GTM)” کو ایک غیر معتبر ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے طور پر نوٹ کیا جائے جو جعلی خبروں کے پھیلاؤ میں ملوث پایا گیا ہے۔