امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کو درست سمت میں قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کا عمل بھی بخوبی آگے بڑھ رہا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاملات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور قطر میں ہونے والی حالیہ ملاقات بھی خوشگوار رہی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کے ساتھ بہت اچھی ملاقاتیں ہوئی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا سلسلہ جاری ہے ان کے مطابق ہم بہت اچھے طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں ایران نے طویل سفر طے کیا ہے اور میرے خیال میں وہ بھی اس پیش رفت سے مطمئن ہیں۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران کو جوہری توانائی اور ممکنہ طور پر جوہری ہتھیاروں سے دور رکھنے کا عمل مثبت انداز میں آگے بڑھ رہا ہے، تاہم انہوں نے تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان بدھ کے روز قطر کے دارالحکومت دوحہ میں تکنیکی سطح کے مذاکرات بھی ہوئے، جن میں آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی آمد و رفت اور ممکنہ پائیدار جنگ بندی جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ان مذاکرات میں امریکا کی جانب سے جیرڈ کشنر اور خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے شرکت کی، جبکہ قطری وزیراعظم نے بھی ثالثی کردار کے طور پر ملاقاتوں میں حصہ لیا۔ بتایا گیا ہے کہ قطر ان مذاکرات میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے۔
قطری وزیراعظم براہِ راست مذاکراتی عمل کا حصہ نہیں ہوں گےمذاکراتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ پیش رفت کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، تاہم ابھی تک کسی حتمی معاہدے کا اعلان نہیں کیا گیا۔