ہائیرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے کامن ویلتھ اسکالرشپس 2025 کے لیے درخواستوں کی باضابطہ طور پر منظوری دے دی ہے۔ یہ اسکالرشپس برطانیہ کے کامن ویلتھ اسکالرشپ کمیشن (سی ایس سی) کے تحت فراہم کی جا رہی ہیں۔
یہ باوقاراسکالرشپس بین الاقوامی ترقی کے فروغ کے لیے اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کا مقصد رکھتی ہیں اور پاکستانی اور آزاد جموں کشمیر کے شہریوں کو برطانیہ میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔
ایچ ای سی کے مطابق درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 14 اکتوبر 2025 کو شام 4 بجے (پاکستانی وقت) مقرر کی گئی ہے۔ اس اسکیم کے تحت ماسٹرز پروگرامز کے لیے 26 اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے لیے 30 نامزدگیاں دستیاب ہیں۔
اہلیت کا معیار
درخواست دہندگان کے لیے لازم ہے کہ وہ، پاکستانی یا آزاد جموں کشمیر کے مستقل باشندے ہوں، اپنی آخری ڈگری میں فرسٹ ڈویژن حاصل کی ہو، ماسٹرز پروگرام کے لیے16 ، سالہ تعلیم مکمل کی ہو، پی ایچ ڈی پروگرام کے لیے 17 یا 18 سالہ تعلیم (ایم ایس/ایم فل) مکمل کی ہو، دہری شہریت رکھنے والے افراد درخواست دینے کے اہل نہیں ہیں۔
’ایچ اے ٹی‘ ٹیسٹ لازمی
درخواست دہندگان کے لیے ایچ ای سی اپٹٹیوڈ ٹیسٹ کا اسکور فراہم کرنا لازمی ہے، جس میں کم از کم100 میں سے 60 نمبر حاصل کیے ہوں۔ صرف ’ایچ اے ٹی‘ جنرل کیٹگریز I تا IV قابل قبول ہوں گی اور میرٹ کا تعین صرف ’ایچ اے ٹی‘ اسکور کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
’سی ایس ایس ‘ کی اضافی شرائط
کامن ویلتھ اسکالرشپ کمیشن کی ہدایات کے مطابق درخواست دہندگان کو لازمی طور پر ستمبر 2026 تک برطانیہ میں تعلیم کا آغاز کرنے کے قابل ہونا چاہیے، مکمل تعلیمی اسناد فراہم کرنا ہوں گی، کم از کم 2 تعلیمی ریفرنسز جمع کروانے ہوں گے۔
پی ایچ ڈی درخواست دہندگان کے لیے ضروری ہے کہ وہ برطانیہ کے کسی ممکنہ سپروائزر سے سپورٹنگ اسٹیٹمنٹ حاصل کریں۔
مالی اعانت کی حدود
یہ اسکالرشپ عام طور پر برطانیہ میں دوسری ماسٹرز ڈگری کی مالی اعانت نہیں کرتی، الا یہ کہ کوئی مضبوط تعلیمی یا پیشہ ورانہ جواز فراہم کیا جائے۔ درخواست دہندگان کو یہ بھی ثابت کرنا ہوگا کہ وہ مالی معاونت کے بغیر برطانیہ میں تعلیم حاصل نہیں کر سکتے۔
درخواست دینے کا طریقہ
دلچسپی رکھنے والے امیدوار ایچ ای سی کی آن لائن اسکالرشپ پورٹل کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔ ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے لیے الگ الگ درخواست لنکس اور رہنما ہدایات ایچ ای سی کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔