یومِ دفاع و شہدا پر قوم کا شاندار خراجِ عقیدت، مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی، ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد

یومِ دفاع و شہدا پر قوم کا شاندار خراجِ عقیدت، مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی، ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد

ملک بھر میں یومِ دفاع و شہدا 6 ستمبر 2025 کی مناسبت سے افواجِ پاکستان اور عوام کی جانب سے وطن پر قربان ہونے والے شہدا کو شاندار انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

کراچی میں مزارِ قائد پر تبدیلی گارڈز کی پروقار تقریب سے لے کر کوئٹہ، پشاور، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں یادگارِ شہدا پر منعقدہ تقریبات تک، ہر مقام پر حب الوطنی کا جذبہ دیدنی تھا۔

مزارِ قائد پر تبدیلی گارڈز کی پروقار تقریب

یومِ دفاع کے موقع پر کراچی میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق، تبدیلی گارڈز کی تقریب کے مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل شہریار خان، ایئر آفیسر کمانڈنگ تھے جنہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا اور مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

یہ بھی پڑھیں:یوم دفاع : فیلڈ مارشل اور سروسز چیفس کا شہداء کو خراج عقیدت

تقریب میں پاک فضائیہ کے 73 کیڈٹس نے گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھالیں، جن میں 66 مرد اور 7 خواتین کیڈٹس شامل تھے۔ اس تقریب نے نئی نسل میں حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کیا اور بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کا ایک منفرد انداز اپنایا۔

یومِ دفاع پر تعلیمی اداروں میں رنگا رنگ تقریبات

پشاور میں پاک فوج کے زیرِ اہتمام مختلف تعلیمی اداروں میں یومِ دفاع و شہدا کے حوالے سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ اسمارٹ اسکول گل بہار کیمپس میں منعقدہ تقریب میں طلبا و طالبات نے جذبہ حب الوطنی سے بھرپور نغمے، تقاریر اور ٹیبلوز پیش کیے۔ تقریب میں فوجی افسران اور جوانوں نے شرکت کی اور بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔

بچوں نے قومی پرچم کشائی کی اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبا میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے اور تقریب کا اختتام ’پاکستان زندہ باد‘کے فلک شگاف نعروں سے ہوا۔

معرکۂ حق میں پاکستان نیوی کا شاندار کردار

یومِ دفاع کے موقع پر پاکستان نیوی کے وائس ایڈمرل راجہ رب نواز (ستارۂ بسالت) نے ’معرکۂ حق‘ اور ’آپریشن بنیان مرصوص‘ میں پاکستان نیوی کی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نیوی نے ملکی سمندری حدود کا کامیاب دفاع کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’ الحمدللہ، پاکستان نیوی مکمل طور پر تیار تھی اور ہمارے شپس، ایئرکرافٹس اور میرینز مؤثر انداز میں تعینات تھے۔ ہم نے دشمن کو مؤثر طریقے سے ڈیٹر کیا اور اسے کسی بھی مہم جوئی سے باز رکھا‘۔

مزید پڑھیں:پاکستان کا 60 واں یومِ دفاع، شہدا کو خراجِ عقیدت، وطن عزیز کے تحفظ کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کا عزم

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نیوی ہر لمحہ وطن کے دفاع کے لیے تیار ہے اور قوم اپنے ان سپوتوں پر فخر کرتی ہے جنہوں نے سمندری سرحدوں پر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔

شہدا کی قربانیاں، سلامِ عقیدت

یومِ دفاع کی تقریبات میں شہدا کے اہل خانہ کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا گیا۔ کیپٹن سلمان سرور شہید کے والد نے اپنے بیٹے کی قربانی کو فخر کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’اپنے ملک کو بچانے کے لیے جانیں دینا پڑتی ہیں اور مجھے فخر ہے کہ میرے بیٹے نے ملک کی حفاظت کی خاطر اپنی جان دی‘۔

کیپٹن سلمان نے 2005 میں پاک فوج میں شمولیت اختیار کی تھی اور 2013 میں خیبر میں دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی بہادری اور قائدانہ صلاحیتوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔

ملک بھر میں یادگارِ شہدا پر تقریبات

جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں یومِ دفاع کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ چیف آف جنرل سٹاف نے یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ تقریب میں شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

اسی طرح راولپنڈی، ملتان، کھاریاں اور کوئٹہ گیریژن میں بھی یادگارِ شہداء پر تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں اعلیٰ عسکری و سول حکام، شہدا کے اہل خانہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کوئٹہ گیریژن میں تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیراعلیٰ بلوچستان تھے جبکہ گورنر بلوچستان نے بطور گیسٹ آف آنر شرکت کی۔ کور کمانڈر بلوچستان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

یومِ دفاع  ایک عزم، ایک وعدہ

6 ستمبر کا دن پاکستان کی عسکری تاریخ میں ایک سنہرا باب ہے، جو ہمیں نہ صرف شہدا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے بلکہ اس عہد کی بھی تجدید کراتا ہے کہ وطن عزیز کی سالمیت، خودمختاری اور امن کے لیے ہم ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔

قوم نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور پاک فوج کے شانہ بشانہ ہر پاکستانی مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *