صدر نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے بجٹ اجلاس 5 جون کو طلب کرنے کی منظوری دیدی

صدر  نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے بجٹ اجلاس 5 جون کو طلب کرنے کی منظوری دیدی

صدر مملکت آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس طلب کرنے کی منظوری دے دی ہے، جن میں آئندہ مالی سال 27-2026 کا وفاقی بجٹ پیش کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس 5 جون بروز جمعہ شام 5 بجے جبکہ سینیٹ کا اجلاس اسی روز شام 6 بجے منعقد ہوگا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی حکومت آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرے گی جس پر بعد ازاں ایوان میں بحث اور منظوری کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں کا باقاعدہ ایجنڈا آئندہ چند روز میں جاری کر دیا جائے گا۔ بجٹ اجلاس کے دوران حکومتی مالیاتی پالیسی، محصولات کے اہداف، ترقیاتی منصوبوں اور مختلف شعبوں کے لیے مختص فنڈز کی تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔

 یہ بھی پڑھیں :بجٹ میں مہنگائی کم کریں ،عوام کو زیادہ ریلیف دیں،شہباز شریف کو نوازشریف کی ہدایت

حکومت کی جانب سے آئندہ بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں بین الاقوامی مالیاتی ادارے کے ساتھ مشاورت کا عمل بھی جاری رہا ہے اور بیشتر اہم معاملات پر اتفاق رائے ہو چکا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ بجٹ میں معاشی استحکام، سرمایہ کاری کے فروغ اور عوامی فلاح سے متعلق اقدامات شامل ہوں گے۔

وفاقی حکومت نے تنخواہ دار طبقے اور پنشنرز کے لیے بھی مختلف تجاویز تیار کی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ مہنگائی کے اثرات میں کچھ حد تک کمی لائی جا سکے۔

 ی بھی پڑھیں :بجٹ میں عوام کو کیا ریلیف ملنے جا رہا ہے؟، رانا ثنا اللہ نے قوم کو بڑی خوشخبری سنا دی

وزیراعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثناء اللہ خان کا کہنا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے سمیت وسیع پیمانے پر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اور معاشی بہتری کے ثمرات عام شہری تک پہنچائے جائیں۔

editor

Related Articles