پاکستان اور چین نے مل کر خطے اور عالمی امن کے لیے مثبت کردار ادا کیا ،اسحاق ڈار

پاکستان اور چین نے مل کر خطے اور عالمی امن کے لیے مثبت کردار ادا کیا ،اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی کے وژن اور مؤثر پالیسیوں کے نتیجے میں چینی عوام نے نمایاں ترقی اور خوشحالی حاصل کی ہے اور لاکھوں افراد کو غربت سے نکالنے میں کامیابی ملی ہے۔

کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی ایک سو پانچویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین کی قیادت نے مربوط حکمت عملی اور تسلسل کے ساتھ ایسی پالیسیاں اپنائیں جن کے مثبت نتائج آج پوری دنیا کے سامنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین نے نہ صرف اپنی معیشت کو مستحکم کیا بلکہ سماجی ترقی کے میدان میں بھی قابل ذکر کامیابیاں حاصل کیں، پاکستان اور چین نے مل کر خطے اور عالمی امن کے لیے مثبت کردار ادا کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کئی دہائیوں پر محیط ہے اور یہ تعلق صرف ریاستی سطح تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں بھی گہری جڑیں رکھتا ہے، انہوں نے کہا کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان اور چین کا ایران امریکا امن عمل جاری رکھنے پر اتفاق

انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری دونوں ممالک کے درمیان ترقی، سرمایہ کاری اور خوشحالی کا ایک اہم منصوبہ ہے، جبکہ پاک چین اقتصادی راہداری کا دوسرا مرحلہ پاکستان کو ترقی کے مزید بلند مراحل کی طرف لے جا رہا ہے اور اس سے معاشی مواقع میں اضافہ متوقع ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور خطے میں حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان نے ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوئے ثالثی کی کوششیں کیں۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین نے مشترکہ طور پر نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنایا ہے بلکہ خطے اور عالمی سطح پر امن کے فروغ کے لیے بھی مثبت کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کی شراکت داری مستقبل میں بھی ترقی، استحکام اور امن کے لیے اہم ستون بنی رہے گی اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔

editor

Related Articles