سانحۂ کاہنہ،وزیر اعلیٰ پنجاب کا جاں بحق بچوں کے لواحقین کے لیے 20، 20 لاکھ روپے امداد کا اعلان

سانحۂ کاہنہ،وزیر اعلیٰ پنجاب کا جاں بحق بچوں کے لواحقین کے لیے 20، 20 لاکھ روپے امداد کا اعلان

سانحۂ کاہنہ کے بعد پورا علاقہ سوگ میں ڈوبا ہوا ہے،ہر طرف غم کی فضا ہے، ہر آنکھ اشکبار ہے اور فضا پر خاموشی طاری ہے، المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام 14 بچوں کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی، جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جاں بحق بچوں کے لواحقین کے لیے20، 20 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔

نمازِ جنازہ میں اہلِ علاقہ، لواحقین، انتظامی افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ بعد ازاں بچوں کو آہوں اور سسکیوں کے درمیان مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

المناک سانحے کے باعث علاقے کی فضا بدستور سوگوار ہے،بیشتر دکانیں اور بازار بند رہے جبکہ شہری غمزدہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کے لیے ان کے گھروں کا رخ کرتے رہے۔

نمازِ جنازہ کے موقع پر پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کیے۔ رات بھر پولیس کی بھاری نفری علاقے میں تعینات رہی جبکہ ضلعی انتظامیہ بھی مسلسل صورتحال کی نگرانی کرتی رہی۔

یہ بھی پڑھیں :لاہور،کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق ،علاقے میں کہرام،وزیر اعلیٰ کا نوٹس

ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ علاقے میں روشنی، صاف اور ٹھنڈے پینے کے پانی، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے خصوصی انتظامات کیے،لاشوں کی منتقلی کے لیے خصوصی گاڑیاں بھی موقع پر موجود رہیں جبکہ صفائی عملے نے علاقے میں صفائی کے فرائض انجام دیے۔

دوسری جانب جنرل اسپتال، چلڈرن اسپتال اور تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال میں زخمی خاتون ٹیچر اور دیگر زخمی بچوں کا علاج جاری ہے ہسپتال ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

ادھر پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے، زخمی مالک مکان، خاتون ٹیچر کے شوہر ریحان، اس کے بھائی فیضان اور چھت پر کام کرنے والے مزدور عمیر کو تحویل میں لے کر مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہےکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر واقعے کی مکمل، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات جاری ہیں تاکہ حادثے کے ذمہ دار عناصر کا تعین کر کے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سانحے کے بعد صوبے بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں اور دیگر نجی عمارتوں کے حفاظتی معیار کا جامع جائزہ لینے کی بھی ہدایت جاری کی ہے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے افسوسناک واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر ذیشان ملک نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے ہر بچے کے لواحقین کو 20، 20 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو پانچ، پانچ لاکھ روپے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔

editor

Related Articles