’یومِ بحریہ‘ مادرِ وطن کے محافظوں ’ آپریشن سومنات‘ کے ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش، صدر، وزیراعظم کا پیغام

’یومِ بحریہ‘ مادرِ وطن کے محافظوں ’ آپریشن سومنات‘ کے ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش، صدر، وزیراعظم کا پیغام

پاکستان بھر میں آج یومِ بحریہ منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد 1965 کی جنگ میں دشمن کے مقابلے میں بہادری سے لڑنے والے پاک بحریہ کے جوانوں اور افسروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے، جنہوں نے وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

یہ دن خاص طور پر آپریشن سومنات کی یاد دلاتا ہے، جب پاک بحریہ کے جنگی جہازوں نے بھارتی ساحلی شہر دوارکا پر کامیاب حملہ کر کے دشمن کے اہم مواصلاتی نظام کو تباہ کیا۔ یہ حملہ پاک بحریہ کی جرات، مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت بن گیا۔

یہ بھی پڑھیں:پاک بحریہ جدید ترین میزائل سسٹم سے مسلح ہوگئی، تمام میزائل پاکستان میں ہی تیار کیے گئے

1965 کی جنگ میں آبدوز ’پی این ایس ایم‘ غازی نے بھی دشمن کے لیے ایک ناقابلِ تسخیر رکاوٹ کے طور پر کردار ادا کیا اور پاک بحریہ کی آپریشنل برتری کا مظہر بن گئی۔

صدر مملکت کا پیغام

صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے یومِ بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ سمندری سرحدوں کی محافظ اور قومی سلامتی کی پہلی صف ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ’یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کس طرح ہمارے بحری جوانوں نے جرات و بہادری سے دشمن کے علاقے میں گھس کر انہیں نقصان پہنچایا اور ان کی سلامتی کو چیلنج کیا‘۔

انہوں نے 1965 کی جنگ کو پاک بحریہ کی تاریخ کا سنہری باب قرار دیا اور کہا کہ آپریشن سومنات آنے والی نسلوں کے لیے جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کی ایک روشن مثال بن چکا ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ آج پاک بحریہ ایک جدید، کثیرالجہتی فورس بن چکی ہے جو صرف جنگی تیاری تک محدود نہیں بلکہ سمندری تجارتی راستوں کے تحفظ، عالمی امن مشنوں اور قدرتی آفات میں امداد جیسے کردار بھی ادا کر رہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی یومِ بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے افسروں، جوانوں اور عملے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’آج کے دن ہم نہ صرف پاک بحریہ کی تاریخ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں بلکہ اس عزم کی بھی تجدید کرتے ہیں کہ ہم اپنی سمندری سرحدوں اور قومی مفادات کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے‘۔

مزید پڑھیں:سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف کا آذربائیجان کا سرکاری دورہ، دوطرفہ بحری تعاون پر اہم ملاقاتیں

وزیراعظم نے 1965 کی جنگ میں آپریشن سومنات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن میں پاک بحریہ نے بھارتی ساحلی شہر دوارکا پر فیصلہ کن حملہ کیا اور دشمن کا مواصلاتی نظام تباہ کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن صرف پاک بحریہ کی بہادری ہی نہیں بلکہ اس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھی واضح مظہر تھا، جس نے ملکی بحری خودمختاری کے تحفظ کے عزم کو مزید مستحکم کیا۔

وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاک بحریہ آج صرف جنگی محاذ پر ہی نہیں بلکہ بلیو اکانومی، بندرگاہوں کی ترقی، بحری معیشت اور عالمی مشقوں میں شرکت جیسے میدانوں میں بھی پاکستان کی خدمت کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ یہ فخر کی بات ہے کہ پاک بحریہ نہ صرف ہماری سمندری سرحدوں کی محافظ ہے بلکہ ہمارے روشن مستقبل کی معمار بھی ہے‘۔

قوم کا خراجِ عقیدت

یومِ بحریہ کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقاریب، دعائیہ اجتماعات، اور شہدا کے مزاروں پر پھول چڑھانے کی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ عوام اور مسلح افواج کی جانب سے پاک بحریہ کے جانبازوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:صدر آصف علی زرداری کا نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ، “معرکہ حق” میں کامیابی پر پاک بحریہ کو خراجِ تحسین

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام کا اختتام ان الفاظ پر کیا کہ ’آج ہم پاک بحریہ کے ماضی اور حال کے ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ پاکستان، پاک بحریہ اور ہماری افواج کو ترقی، خوشحالی اور کامیابی عطا فرمائے۔ آمین! پاکستان زندہ باد! پاک بحریہ پائندہ باد!

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *